کراچی : حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بہتر بنانے کیلئے مزید نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی سمیت جاری منصوبوں اورعوامی سہولت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کو بی آر ٹی میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، درپیش مسائل اور آئندہ اہداف سے آگاہ کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن پر کام کی رفتار مجموعی طور پر تسلی بخش ہے اسے مزید تیز کیا جائے، تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن کوریڈورکی بروقت تکمیل ترجیح ہے تاکہ سفری مشکلات اور ٹریفک جام ختم ہو،
تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگہی کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ بروقت معلومات ملیں، نئی بسوں کے آغاز کے عمل کو تیز کیا جائے، زیادہ مشکلات والے روٹس منتخب کئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بس سروس میں توسیع شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت فراہم کرے گی۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
کراچی کےعوام کوجدیداور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کا آغاز شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


