لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں شہری سستی اور بہترین سفری سہولت سے مستفید ہونے کے لیے تیار ہوجائیں، اورنج میٹرو لائن 25 اکتوبر سے فعال ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اورنج میٹرولائن 25 اکتوبر سے فعال ہوگا۔ وزیراعلی ٰپنجاب عثمان بزدارافتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اورنج میٹرولائن ڈیرہ گوجراں سے علی رضا آباد تک چلے گی۔
6 اکتوبر کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج میٹرو لائن کو فعال کرنےکی حتمی منظوری دی تھی۔
اونج میٹرو لائن کا آخری اسٹاپ تک کرایہ 40 روپے ہوگا۔ کابینہ نے 50 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز دی تھی تاہم وزیر اعلیٰ نے ٹرین کا کرایہ 50 روپے مقرر کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی۔
اس سے قبل سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ اورنج ٹرین کا ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے اور جلد افتتاح کردیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اورنج ٹرین کا ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے، آپریشنز و مینٹننس کا کام تفویض کردیا گیا ہے جبکہ اسٹاف ہائرنگ کا کام بھی جاری ہے۔