کراچی: اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے اسپورٹس لورز کو خوشخبری سنادی۔
کراچی اوپن اسکواش چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر کراچی میں ہر دو سال بعد میگا ایونٹ کا اہتمام کریں گے، ایونٹ میں اولمپکس طرز کے مقابلے کروائیں گے۔
سلمان اقبال نے کہا کہ ٹاپ پرفارمرز کو اولمپکس کے لیے تیار کریں گے تاکہ وہ ملک کا نام روشن کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکواش کے میچ اے اسپورٹس پر براہ راست دیکھ کر فخر محسوس کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ کراچی اوپن اسکواش چیمپئن شپ مصری کھلاڑیوں کے نام رہی، کریم عبدالگواد مینز اور نور ابو لاما کریم ویمنز ایونٹ کی چیمپئن بن گئیں۔
مینز ایونٹ کے فائنل میں کریم عبدالگواد نے ہم وطن یوسف سلیمان کو تین صفر سے شکست دی۔
ویمنز فائنل میں ہانگ کانگ کی چن سن یک بدقسمت رہی اور زخمی ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئی جس کے سبب مصر کی نورا بولاماکریم چیمپئن بن گئیں۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب میں اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان قبال، ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
پانچ دن تک جاری رہنے والے ایونٹ میں پاکستان، ہانگ کانگ، ملائیشیا، انگلینڈ اور امریکا سمیت کئی مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔