مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے کہ سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹرز کو کرایوں میں کمی کی ہدایت کر دی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے 35 ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکان کو کرایوں میں کمی کیلئےخطوط ارسال کر دیے ہیں جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد کرایوں میں کمی کی جائے۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری امیت دیوو نے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکان کو کرایوں میں کمی کے لئےخط لکھ ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لہذاٰ ٹرانسپورٹرز کرایوں میں کمی کریں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کرایوں کمی نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی ہو گی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 270 روپے فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 12 روپے فی لیٹر کمی کی جارہی ہے۔