کراچی : ڈیزل سستا ہونے کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہم کرایوں میں کمی مزید ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کمی نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ کام کی عدم دستیابی اور امپورٹ ایکسپورٹ میں کمی کے باعث وہ فی الحال کرائے کم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ اس کمی کا فائدہ فوری طور پر کرایوں میں کمی کی صورت میں عوام یا تاجروں کو نہیں مل سکے گا۔
ملک شہزاد اعوان نے کرائے برقرار رکھنے کے حوالے سے بتایا کہ علاقائی جنگی حالات کے باعث ملک میں امپورٹ اور ایکسپورٹ (درآمدات و برآمدات) نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے جبکہ کام نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے اپنی کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دی ہیں، جس سے ان کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔
صدر الائنس کا کہنا تھا کہ ہم کرایوں میں کمی اسی صورت کریں گے جب ڈیزل کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کی جائے گی۔
ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ صرف ڈیزل سستا ہونا کافی نہیں بلکہ جب تک تجارتی سرگرمیاں بحال نہیں ہوتیں اور مال کی نقل و حمل میں اضافہ نہیں ہوتا، ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات پورے کرنا مشکل چیلنج بنا رہے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


