گوگل نے پاکستانی طلبا کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 3 لاکھ 50 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گوگل نے پاکستان میں اپنی ڈیجیٹل اسکلز مہم کو وسعت دیتے ہوئے ملک بھر میں 3 لاکھ 50 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو مصنوعی ذہانت سمیت جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
گوگل نے رواں سال مزید 1 لاکھ 50 ہزار اسکالرشپس شامل کی ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے۔
اس پروگرام کے ذریعے پاکستان بھر کے افراد آن لائن اور عالمی معیار کے کورسز کے ذریعے مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر سکیں گے۔
پروگرام کے تحت مصنوعی ذہانت ، ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر سیکیورٹی، پروجیکٹ مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ نوجوانوں کو ملازمت، فری لانسنگ، کاروبار اور دیگر پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
گوگل نے مزید بتایا سال 2022 سے پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ اب اس پروگرام کو افرادی قوت کی ترقی کی ایک جامع مہم کی شکل دی جا رہی ہے۔
اس منصوبے پر ٹیک ویلی ، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹسمیت مختلف مقامی ادارے بھی گوگل کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ہر وزارتی افسر گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ کے کم از کم دو کورسز مکمل کرے، تاکہ سرکاری شعبے میں بھی مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔


