اسلام آباد (4 نومبر 2025): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ گوگل کروم سے ہماری نوجوان نسل نئے رجحانات کی جانب قدم رکھے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق گوگل کروم بک اسمبلی لائن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کیلیے بہت اہمیت کا حامل ہے، تقریب میں شریک مندوبین کو خوش آمدید کہتی ہوں، گوگل کروم سے ہماری نوجوان نسل نئے رجحانات کی جانب قدم رکھے گی، یہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، مینوفیکچرنگ کی جانب بڑا قدم ہے، پاکستان میں ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور ملک کی معاشی ترقی کیلیے مؤثر روڈ میپ پر عمل کیا جا رہا ہے، پاکستان میں ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل کروم بک اسمبلی لائن سے آج ایک عظیم سنگ میل عبور کیا ہے، یہ کروم بک ڈاکٹرز، انجینئرز اورطلباء کیلیے اہم کردار ادا کرے گی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیر دفاعی پیداوار نے اس اقدام پر بھرپور معاونت فراہم کی ہے، سرمایہ کاری میں درپیش روکاٹوں کو دور کرنے کیلیے دو سال قبل خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کی گئی جس نے گوگل کروم بک کے اس اقدام میں اہم کردار ادا کیا، ایک سال میں اس پروگرام کا اجراء معجزے سے کم نہیں، اس اقدام کیلیے کردار ادا کرنے والوں کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کی ترقی کیلیے کوشاں ہیں، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے لیس کرنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، یہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ملک کی معاشی ترقی کیلیے اہم اقدام ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدام آئی ٹی برآمدات کو فروغ دے گا، معیشت، معاشرے اور نظم و نسق کی ڈیجیٹلائزیشن کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مؤثر منتقلی یقینی بنانے کیلیے ہر شخص کی ڈیجیٹل ڈیوائس اور انٹرنیٹ تک بلا تعطل رسائی یقینی بنانا نا گزیر ہے، حکومت نے نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی تک رسائی کیلیے مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پورے ملک کی تقدیر بدلے گا، حکومت نے نوجوانوں کیلیے اسٹارٹ اپس فنڈ اور کلاؤڈ کریڈٹ پروگرام سمیت دیگر پروگرام شروع کیے ہیں، اپنے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کیلیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، ہزاروں بچے تربیتی مراکز میں مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ہمارا اجتماعی ہدف ڈیجیٹل نیشن پاکستان کی تشکیل ہے، ہر بچے کی تعلیم و تربیت تک رسائی یقینی بنانی ہے۔


