ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کی 53 ویں سالگرہ پرگوگل کا خراجِ تحسین

اشتہار

حیرت انگیز

دلفریب انداز، سریلی آواز اور پاپ موسیقی کی بے تاج ملکہ نازیہ حسن کی 53 ویں سالگرہ پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ہراہم دن کے موقع پراپنا ڈوڈل تبدیل کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے بین الاقوامی شہرت کی حامل پاکستانی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی 53 ویں سالگرہ پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیےڈوڈل بنا دیا۔

پاکستان میں پہلی بار پاپ موسیقی متعارف کر آنے والی سریلی آواز کی مالک نازیہ حسن 3 اپریل 1965 میں کراچی میں پیدا ہوئیں تعلیم لندن میں مکمل کی۔ نازیہ حسن کا شماربرصغیرمیں پاپ موسیقی کے بانیوں میں کیا جاتا ہے۔

نازیہ حسن نے کم سنی میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔ 1970 کی دہائی میں بطور چائلڈ آرٹسٹ گلوکاری کی دنیا میں نام پیدا کرنے والی ننھی سی گڑیا نے سنہ 1980 میں پندرہ سال کی عمر میں بھارتی فلم قربانی کے لیے گیت گا کہ موسیقی کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔

آپ جیسا کوئی، ڈسکو دیوانے ، بوم بوم، ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرا کیمر ان کے مقبول البم میں شامل ہیں۔

گیت آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے نے نازیہ کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے وسطی ایشیا میں پاپ موسیقی کی ملکہ بنا دیا، نازیہ کی زندگی کے سب سے اہم جزو ان کے بھائی زوہیب حسن ہیں، جنہوں نے نازیہ کی پوری زندگی ان کا بھرپورساتھ دیا اور یوں نازیہ کے کئی البم اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ جاری ہوئے۔

نازیہ کا پہلا البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ 1982ء میں ریلیز ہوا۔ جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا، نازیہ حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

نازیہ حسن پہلی پاکستانی ہیں، جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا اور بیسٹ فیمیل پلے بیک سنگر کی کیٹیگری میں کم عمر ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ قرارپائیں، یہ اعزازآج تک ان کے پاس ہے۔

نازیہ حسن کی شادی تیس مارچ انیس سو پچانوے کو ہوئی اوران کا ایک بیٹا ہے۔

سرطان کے موذی مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست سنہ 2000 کو اپنے لاکھوں مداحوں کو اداس چھوڑ گئیں مگر ان کی سریلی آواز میں گائے گیت آج بھی دل دماغ کو ترو تازہ کر دیتے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں