گوگل میپس میں ایسے دلچسپ فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے جو اب تک اس سروس کا حصہ نہیں تھا، صارفین یہ سہولت جان کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوجائیں گے۔
اگر آپ سمجھتے تھے کہ گوگل میپس کا کام لوگوں کو صرف ان کی منزل مقصود تک پہنچانا ہے تو اب یہ سوچ بدلنے والی ہے کیونکہ اب صرف راستہ نہیں بلکہ آپ کے لیے کھانا بھی آرڈر کرے گا۔
فون ایرینا ویب سائٹ کی رپورٹ گوگل میپس جلد ہی ایک ایسا فیچر متعارف کرا سکتا ہے جو ڈرائیونگ کے دوران آپ کی طرف سے خود کھانا آرڈر کر دے، تاکہ آپ صرف گاڑی چلانے پر توجہ دیں اور منزل پر پہنچتے ہی آپ کو کھانا تیار ملے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ اتھارٹی نے گوگل میپس کے اینڈرائیڈ کے کوڈ میں ایسے اشارے دریافت کیے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ کمپنی اس نئے اے آئی فیچر پر کام کر رہی ہے۔ جس میں گوگل میپس صرف ریستوران تجویز نہیں کرے گا بلکہ آپ کی جانب سے آرڈر بھی مکمل کرسکے گا۔
واضح رہے کہ فی الحال گوگل نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس لیے اس فیچر کے طریقۂ کار کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔لہٰذا ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فیچر کسی فوڈ ڈیلیوری ایپ سے منسلک ہوگا اور صارف کی اجازت سے آرڈر خود بخود مکمل کرے گا، تاہم اس حوالے سے پرائیویسی اور سیکیورٹی جیسے سوالات بھی موجود ہیں۔
بظاہر یہ فیچر گوگل میپس کے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر آسک میپس سے منسلک نظر آتا ہے۔
اس فیچر میں آپ گوگل میپس سے گفتگو کرتے ہوئے لوکیشنز اور جگہوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔


