اسلام آباد (18 اگست 2026): معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنے پہلے دفتر کے افتتاح کے موقع پر طلبہ کیلیے فری جیمنائی سبسکربشنز کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے ملاقات کی اور ملک میں ٹیکنالوجی کمپنی کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا، اس کے موقع پر امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر بھی موجود تھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی یہ آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان گورننس کے مختلف شعبوں میں ایک اہم ڈیجیٹل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل پاکستان میں ہر سال کتنے لاکھ کروم بک تیار کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ملک کی قسمت بدل سکتی ہے، اس ضمن میں کافی کام کیا گیا ہے لیکن ہدف کے حصول کیلیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
ولسن وائٹ نے وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے اپنے پہلے دورے اور مقامی دفتر کے افتتاح کو ایک بڑا سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مقامی دفتر کا قیام ایک انتہائی خاص لمحہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا آئی ٹی برآمدی حب بنانے کا وزیر اعظم کا عزم گوگل کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے، گزشتہ 10 برسوں میں گوگل نے مقامی پاکستانی کاروباروں اور گھرانوں کیلیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمیاں پیدا کی ہیں جس سے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتیں حاصل ہوئیں اور یہ تو ابھی صرف شروعات ہے۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس کے عوام میں مناسب سرمایہ کاری نہ کی جائے، گوگل نے کیریئر سرٹیفکیٹس اور اسکولوں کے ساتھ کام کر کے ایک ملین سے زائد پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس کے علاوہ، ولسن وائٹ نے یہ اعلان بھی کیا کہ رواں ہفتے کے آخر میں گوگل کی جانب سے تمام پاکستانی طلبہ کیلیے گوگل جیمنائی سبسکربشنز ایک سال کیلیے بالکل مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔


