The news is by your side.

Advertisement

حکومت کا 100 روزہ پلان، مرکزی تقریب آج ہوگی، وزیراعظم خطاب کریں گے

اسلام آباد: حکومت کے 100 روزہ پلان کے حوالے سے مرکزی تقریب آج ہوگی، تقریب سہ پہر تین بجے شروع ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی اور دعوت نامے بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے 100 روزہ پلان کے حوالے سے مرکزی تقریب آج کنونشن سینٹر میں ہوگی، تقریب میں وزیراعظم کے خطابات، غیرملکی دوروں میں کامیابیاں دکھائی جائیں گی، وزارتوں کی الگ الگ پرفارمنس کے بجائے مشترکہ حکومتی کارکردگی پیش کی جائے گی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوگا، گلوکار نجم شیراز ملی نغمہ پیش کریں گے، تقریب کی میزبانی کے فرائض سینیٹر فیصل جاوید انجام دیں گے، ’رکھ دی ہے بنیاد نئے پاکستان کی‘ 100 روزہ تقریب کی ٹیگ لائن ہوگی۔

سرکاری تقریب میں وفاقی وزراء، وزیراعظم کے مشیران اور معاون خصوصی کو مدعو کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی اور ارکان سینیٹ کو بھی دعوت دی گئی ہے، وزیراعظم مرکزی تقریب سے خطاب میں 100 روزہ کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزراء کی 100 دن کی کارکردگی رپورٹس وزیراعظم کو موصول، مراد سعید اور شیخ رشید میں سخت مقابلہ

وزیراعظم 100 روزہ پلان میں حاصل کے گئے اہداف بتائیں گے اور آئندہ کے لیے حکومتی منصوبوں سے متعلق بھی قوم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات کریں گے۔

یاد رہے 21 اکتوبر کو ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوررپورٹ پیش کی گئی تھی۔

وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے بیشتر اہداف حاصل کرلیے گئے اور وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے، انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔

خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں