منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

امیر قطر کے دورۂ پاکستان کا اعلامیہ، معاہدوں پر دستخط، افغان امن عمل پر تبادلۂ خیال

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امیر قطر کے دورۂ پاکستان کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، امیر قطر نے وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پاکستان آئے، ان کے ہم راہ وزرا اور دیگر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد بھی پہنچا۔

وزیر اعظم اور امیر قطر کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا، پاکستان اور قطر میں سیاسی، اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

- Advertisement -

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا اور ایل این جی، ایل پی جی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ ہوا، تیل اور گیس کی تلاش سمیت پیداوار کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

زراعت، سیاحت اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ قطر میں پاکستانی کارکنوں اور ملازمین کی تعداد میں اضافے، ایوی ایشن، بحری معاملات، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے، اعلیٰ تعلیم، فوڈ انڈسڑی، دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزرا کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال اور افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد، خفیہ معلومات کے تبادلے پر بھی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطر کے اعزاز میں عشایے کا اہتمام کیا گیا، امیر قطر نے وزیر اعظم کو قطر کی فٹ بال ٹیم کی جرسی بہ طور تحفہ پیش کی جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے انھیں دستخط شدہ بلا بہ طور تحفہ دیا۔

امیر قطر آج صبح صدرعارف علوی سے اہم ملاقات کریں گے، یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں