وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے دو سو سے کم یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول ایڈجسٹ منٹ چارج ختم کرنے اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کے الیکٹرک سے دو دو ہاتھ کرنے کراچی آیا ہوں۔
کراچی الیکٹرک کے ہیڈ آفس میں وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بڑا اعلان کر دیا جن صارفین نے اگست کا بل ادا کردیا ہے انکو اگلے ماہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں ریلیف دیا جائے گا جبکہ دو سو سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر فیول ایڈجسٹ منٹ چارج عائد نہیں کیا جائےگا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ ستمبر کے مہینے سے بجلی کے بلوں میں واضح کمی ہوگی جون کے مہینے میں فیول ایڈجسٹ منٹ چارج عذاب عمرانی کا نتیجہ تھا وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی اور حیدرآباد کی الیکٹرک ڈسٹریبیوشن کمپنیوں سے ملاقات کرنے آیا ہوں تاکہ صارفین کو ریلیف حاصل ہو، کے الیکٹرک کو وفاق مفت ایک ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کررہا ہے عنقریب حکومت کے الیکٹرک سے نیا معاہدہ کرنے جارہی ہے۔
خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو سامنے رکھتے ہوئے بجلی کے بلوں میں ریلیف پیکج ڈیزائن کیا ہے ۔ تھر کول میں کل شنگھائی الیکٹرک کے منصوبے کا دورہ کرنے جارہا ہوں۔