اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ تعمیر کرنے کا دعویٰ کردیا اور کہا مختلف سرمایہ کاروں اور اداروں کے ساتھ سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے پاکستان اسٹیل ملز کی دوبارہ تعمیر کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے تحریری جواب قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا حکومت نے 700 ایکڑ رقبہ سٹیل ملز کی بحالی کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مختلف سرمایہ کاروں اور اداروں کے ساتھ سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری ہے۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز اور روسی کمپنی انڈسٹریل انجنیرنگ کمپنی کے درمیان دو پروٹوکولز پر دستخط ہوئے ہیں، پروٹوکول کے تحت روسی کمپنی سٹیل بنانے کے لئے اوپیکس اور کوپیکس کیلکولیشن 15 مئی تک مکمل کرے گی۔


