اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 20 جولائی سے خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، انسداد پولیو مہم چاروں صوبوں کے مخصوص علاقوں میں چلائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق خصوصی پولیو مہم ٹارگٹڈ کیس رسپانس کے نام سے چلائی جائے گی،مہم کا آغاز رواں ماہ 20 جولائی سے ہو گا،خصوصی انسداد پولیو مہم میں 8 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔
ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کراچی،کوئٹہ، فیصل آباد، جنوبی وزیرستان خصوصی پولیو مہم کا حصہ ہوں گے۔وفاق نےصوبوں کو خصوصی پولیو مہم کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم پھر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر ماہ 7 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے، جولائی سے پولیو ویکسین کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں، ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائن کے مطابق پولیو ورکرز کو کٹ پہنائی جائیں۔