تازہ ترین

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے

اسلام آباد : وفاقی‌ حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے لئے 3 نام سامنے آگئے ، جن میں بابریعقوب،فضل عباس میکن اور عارف خان شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے معاملے پر وفاق نے3نام تجویز کردیئے، امیدواروں میں بابریعقوب،فضل عباس میکن اور عارف خان کے نام شامل ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے تینوں نام تجویز کرنے کی منظوری دے دی۔

تجویز کئے گئے ناموں میں سے بابر یعقوب خان پہلے ہی سیکرٹری الیکشن کمیشن کے طور پر کام کر چکے ہیں جبکہ فضل عباس میکن بطور کابینہ سیکرٹری ریٹائر ہوئے ہیں جبکہ تجویز کیا گیا تیسرا نام سابق وفاقی سیکرٹری عارف خان کا ہے۔

گذشتہ روز وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کےلئے جلد اتفاق ہوجائے گا، چیف الیکشن کمشنر کےلئے وزیراعظم نے تاحال نام فائنل نہیں کئے۔

اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پرحکومت اوراپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا تھا، سندھ اور بلوچستان کی دو نشستوں پر بارہ نام زیر غور آئے، شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرکی سبکدوشی کےبعدتینوں ارکان کے تقرر کا فیصلہ کیاجائے گا۔

مزید پڑھیں : اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئی

بعد ازاں اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا سپریم کورٹ ممکنہ آئینی بحران حل کرنے کیلئے مناسب فیصلہ کرے، ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ناموں پر غور و فکر کے بعد ختم ہوگیا۔

یاد رہے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنرکےتقررکیلئے3نام وزیراعظم عمران خان کوبھجوائے تھے، جس میں ناصرمحمودکھوسہ،جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل ہیں۔

خیال رہے چیف الیکشن کمشنرسردار رضا چھ دسمبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے ، الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن غیر فعال ہوجائے گا، سرداررضا نے 6 دسمبر2014 کو عہدہ سنبھالا تھا۔

Comments

- Advertisement -