وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار مل گیا ہے قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے ترمیم منظور کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت جاری ہے جس میں فنانس بل 2023 کی شق وار منظوری دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم پیش کی جس کو ایوان میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔
اس ترمیم میں پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے اور منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار ہوگا۔
اس سے قبل مولانا عبد الاکبر چترالی کی فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک پیش جس کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی اور ایوان نے اس تحریک کو مسترد کر دیا۔