اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے صوبوں میں گورنر راج لگانے کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر صوبوں میں گورنر راج کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ایسی افواہوں کو حکومت مخالف منفی پروپیگنڈہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی افواہیں ملک دشمن عناصر کا پروپیگنڈہ ہے، حکومت کورونا ٹیسٹ اور دوسرے مسائل کےحل کیلئےکامیاب کوشش کررہی ہے ایسے میں کچھ شرپسند عناصرایسی افواہیں پھیلاکرحکومت کی توجہ ہٹانےکی کوششوں میں ہیں۔
اس سے قبل ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتی، ہم کرونا وائرس کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے پر سخت دباؤ آیا ہے، وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کھولنے کی مجبوریوں سے آگاہ کیا تھا، غیر ذمہ داری کا کوئی علاج نہیں، عوام نہیں سن رہے، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ہم بھی مجبور ہوں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت کسی حد تک برداشت کرلے گی لیکن غیر ذمہ داری سے نقصان ہوگا اسی لیے ہم نے 500 سے زائد مقامات کو سیل کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کے احکامات پر عملدر آمد نہیں ہوگا تو سختی بھی کی جاسکتی ہے، حکومت کا کام آسانیاں پیدا کرنا اور عوام کا کام عملدر آمد کرنا ہے۔