اسلام آباد: ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 14 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری اسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے، اس تعداد کو بڑھا کر 2 لاکھ 30 ہزار کی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے سرکاری اسپتالوں سے بیڈز کی موجودہ تعداد کی تفصیلات اور بیڈز کی تعداد میں اضافے کا روڈ میپ طلب کیا ہے، سرکاری اسپتالوں سے بیڈز کی تعداد میں ممکنہ اضافے کی سفارشات بھی طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں بیڈز بڑھانے کا مقصد داخلوں کی شرح میں اضافہ کرنا ہے۔