اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا کہ حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس کے وبائی صورت اختیار کرنے کے بعد سے بہت سے پاکستانی ایسے ہیں جو بیرون ملک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک محصور ان ہی پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کرونا کی ناگہانی آفت نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے میری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ہوا بازی، افرادی قوت، قومی سلامتی کے وزیر اور مشیر کمیٹی میں شامل ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے، این آئی ایچ، متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارتخانے، قونصلیٹ ہنگامی بنیادوں پر وطنوں کی مدد کےلیے کوشاں ہیں، صوبائی حکومتیں دفتر خارجہ اور وفاقی حکومت کی معاونت کریں۔