بدھ, مئی 20, 2026
اشتہار

حکومت کا آئندہ ماہ ملک گیر انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد(30 مارچ 2026): حکومت نے ملک بھر میں رواں سال کی دوسری بڑی قومی انسدادِ پولیو مہم آئندہ ماہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق یہ مہم 13 سے 19 اپریل تک جاری رہے گی، جو پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد خطے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہے کیونکہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ آخری دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 169 اور افغانستان کے 382 اضلاع میں یہ مہم ایک ہی مرحلے میں مکمل کی جائے گی۔ پاکستان میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 53 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

صوبہ پنجاب میں 2 کروڑ 34 لاکھ، سندھ میں 1 کروڑ 5 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 73 لاکھ اور بلوچستان میں 26 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ساڑھے 4 لاکھ، آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 10 ہزار اور گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 80 ہزار بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف ہے۔

اس وسیع تر مہم کے لیے 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔ ان میں 3 لاکھ 43 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں، 10 ہزار سے زائد فکسڈ ٹیم ممبرز اور 12 ہزار سے زائد ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں یہ مہم 3 روزہ ہوگی جبکہ حساس علاقوں میں 5 روزہ مہم چلائی جائے گی جہاں خصوصی موبائل ٹیمیں اور کمیونٹی بیسڈ ویکسینیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔

پاک افغان بارڈر پر پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ کراسنگ پوائنٹس پر فکسڈ اور موبائل ٹیمیں تعینات ہوں گی جو سرحد پار کرنے والے 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ ماضی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

مہم کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے تاکہ ان کی قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ سال 2025 میں پاکستان میں 31 اور افغانستان میں 9 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث دونوں ممالک پر مشروط عالمی سفری پابندیاں بھی عائد ہیں، جن کے خاتمے کے لیے ان مہمات کی کامیابی انتہائی ناگزیر ہے۔

+ posts

جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں