اسلام آباد: وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج اسکیم 2020 کے تحت جمع رقوم پر حکومت نے سود وصول نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر مذہبی امور کا تحریری جواب پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ حج اسکیم 2020 کے تحت جمع رقوم پر حکومت نے سود وصول نہیں کیا۔
جواب میں کہا گیا کہ تمام رقوم براہ راست بینکوں میں جمع کرائی گئی تھیں، یہ رقوم بینکوں کی طرف سے شرعی نفع بخش کھاتہ جات میں جمع کرا دی گئی تھیں، جن پر 495.232 ملین روپے حاصل ہوئے۔
جواب کے مطابق حج اسکیم کی رقوم پر حاصل شدہ رقم پلگرمز ویلفئیر فنڈ میں منتقل کر دی جاتی ہے، جو حجاج کی تربیت، حج سے متعلق مواد کی اشاعت اور حج آگاہی مہم پر خرچ ہوتی ہے۔
حج واجبات کی ادائیگی ، حکومت نے 98 فیصد عازمین کو رقوم واپس کردی
جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویکسین و ادویات اور آئی ٹی کے سامان کی خریداری اسی رقم سے ہوتی ہے، پاکستان میں ڈائریکٹوریٹ آف حج اور جدہ کی آپریشنل لاگت اسی رقم سے ادا ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے سعودی عرب میں محدود پیمانے پر صرف مقامی لوگوں کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں حج کے لیے رجسٹرڈ امیدواروں کو ان کی رقوم واپس کی گئیں۔
21 اگست کو وزارت مذہبی امور میں حج واجبات کی ادائیگی سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے 98 فی صد عازمین حج کو رقوم واپس کر دی ہیں، بقیہ درخواست گزاروں کو بھی بینکوں سے اپنے واجبات31 اگست تک وصول کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔