وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت مستقبل میں بجلی نہیں خریدے گی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری میں ترقیاتی شراکت دار تکنیکی مدد کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی کی اسلام آباد میں ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر برائے برٹش ہائی کمیشن سے ملاقات ہوئی جس میں وزیرتوانائی نے پاور ڈویژن میں کئےگئے تمام اصلاحات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
برٹش ہائی کمیشن اور حکومت پاکستان نے پاور ڈویژن کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ توانائی کا شعبہ معیشت کی کامیابی اور استحکام کیلئے نہایت اہم ہے توانائی گورننس کا مسئلہ ہے اور ہم بہتر گورننس کیلئے مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان کی 55فیصد توانائی صاف توانائی پر مبنی ہے حکومت ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی متعارف کروانے جا رہی ہے الیکٹرک گاڑیاں سستی بنانےکیلئےترقیاتی شراکت دار اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے پاور ڈویژن کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔