گورنر سندھ کی امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ سے ملاقات

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے آج شام گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر سیاسی و اقتصادی چیف شیڈ پیٹر سن اور نئے تعینات ہونے والے سیاسی و اقتصادی چیف ایڈ ورڈ بر کھالٹر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امریکی قونصل جنرل برائن ہیلتھ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ان کی صحت کے بارے میں معلوما ت حاصل کی ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد انہوں نے دفتری امور کی انجام دہی بھرپور طریقے سے شروع کردی ہے، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاک امریکہ تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے لیکن دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک پیج پر ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی دنیا کے سامنے ہے، گورنر سندھ نے امریکی قونصل جنرل کوسیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بتاتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ میں امن و امان میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صنعت کاروں اور تاجروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرمایہ کار وں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
گورنر سندھ نے سندھ ہائی کو رٹ کے چیف جسٹس کے صاحبزادے اویس شاہ کی بحفاظت بازیابی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ایک واقعہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور پوری قوم نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ کا پیدا ہونا امن و امان کے قیام کا مظہر ہے ۔
امریکی قونصل جنرل برائن ہیلتھ نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے صاحبزادے کی باحفاظت بازیابی پر مبارک باد دی اس ضمن میں پاکستانی اداروں کے ایکشن کو بھی سراہا، انہوں نے کہاکہ جیسے جیسے امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گی سرمایہ کاربھی اس صوبہ کی استعدا د کا فائدہ اٹھانے کے لئے یہاں کا رخ کرینگے اس سلسلہ میں امریکہ کے سرمایہ کار پہلے ہی کئی منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔
دریں اثناء اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کو آرڈینیٹر اور کے ریزیڈنٹ نمائندے نے بھی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے گورنر سندھ کو صحت یابی پر مبارک باد بھی پیش کی ، اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کو آرڈینیٹر نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے جاری پروگرامز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔