لاہور : گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا یوم عاشورہ کے دن کہنا ہے کہ جب بھی باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی
تفصیلات کےمطابق یوم عاشورہ کے دن اپنےپیغام میں صوبہ پنجاب کےگورنر رفیق رجوانہ نے کہاکہ شہدا ئے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا .
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی یاد منانے اور حق و سچ کی سربلندی کی خاطر حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے ملک کو اندرونی اوربیرونی خطرات سے محفوظ رکھیں.
گورنر پنجاب نے کہا کہ عاشورہ جہاں ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہیں ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سُرخرو ہوا جا سکتا ہے۔