کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحفظات کافی حد تک دور ہوگئے ہیں، ایم کیوایم پاکستان بہت جلد کابینہ میں واپس آئے گی، آئی جی سندھ کب تبدیل ہوں گے یہ وزیراعظم ہی بتاسکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایک صحافی کی جانب سے سوال پر کہ کیا ایم کیوایم پاکستان وفاقی کابینہ میں واپس آرہی ہے؟ گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان سے اچھےتعلقات ہیں روزانہ ملاقات ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ معاملات پرایم کیو ایم پاکستان سے بات چیت جاری ہے، تاہم ان کے تحفظات کافی حد تک دورہوگئے ہیں، امید ہے بہت جلد ایم کیوایم پاکستان بہت جلد وفاقی کابینہ میں واپس آجائے گی، وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم سے مذاکرات کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ کلیم امام کی تعیناتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پروزیراعظم اور کابینہ نے مشاورت کا کہا ہے، سندھ حکومت مشاورت کرے گی تو معاملہ حل کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نہیں مانتی تو وفاق کے پاس آئی جی تجویز کرنے کا آپشن موجود ہے، آئی جی سندھ کب تبدیل ہوں گے اس سے متعلق وزیراعظم ہی بہتر بتاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم پاکستان کاوفد حکومت سے مذاکرات کے لئے پہنچ گیا ہے، وفد میں خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری اور کنورنوید جمیل شامل ہیں۔
دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل، وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر اور وفاقی وزیر اسد عمر حکومتی وفد کی نمائندگی کریں گے، ملاقات میں اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، اس کے علاوہ ملاقات میں ورکنگ ریلیشن بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔