کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر کوشش کرنی چاہیے 25 جولائی کو الیکشن سبوتاژ نہ ہوں اگر ایسا ہوا تو غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کی دعوتِ افطار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی ہونے سے غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں لہذا ہم سب کو مل کر الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کس کو پسند کرتے ہیں اس کا فیصلہ الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے، جو بھی اتنخابات میں فتح حاصل کرے گا عوام کو یقینی طور پر اُس سے امیدیں وابستہ ہوں گی، ان ساری چیزوں کے ساتھ احتساب کے عمل کو بھی جاری رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد یکم جون کو حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر نامزد کیے جانے والے جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیر اعظم کا حلف اٹھایا تھا۔
انہوں نے اپنے عہدے کی حلف برداری کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو میرا مینڈیٹ ہے اس کے مطابق کام کروں گا، شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پہلا دن ہے آج سے ہی کام شروع کر رہا ہوں، انشا اللہ عام انتخابات بر وقت ہی ہوں گے، شاہد خاقان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
قبل ازیں بلوچستان اسمبلی میں الیکشن مؤخر کرنے کی قرار داد منظور ہوئی تھی جبکہ کچھ حلقوں کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبات بھی سامنے آرہے ہیں،
بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ماہ جولائی میں گرمی کی شدت بہت زیادہ ہوگی جس کی وجہ سے ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس کے علاوہ حج سیزن کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے بھی جاتی ہے، اس طرح سینکڑوں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ بھی کاغذات نامزدگی کے فارم میں ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے بعد آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا عمل روک چکا۔
جس کے بعد نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف فوری طور پر اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ اپیل دائر کرنے کا مقصد انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات اپنی مقررہ تاریخ یعنی 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس کے علاوہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی اتنخابات کے بروقت انعقاد کی یقین دہانی کروائی اُن کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن ملتوی ہوئے تو پھر آپ خود ایکشن دیکھیں گے۔