کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد میں مذاکرات کے بعد برف پگھل گئی، ہڑتال موخر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ سے مذاکرات کے بعد ٹرانسپوٹرز نے ہڑتال کی کال واپس لے لی، ہڑتال 10دن کے لیے مؤخر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف 10 جولائی سے ہڑتال کا اعلان کیا تھا.
بعد ازاں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے کئی جائز مطالبات ہیں، اکثر مطالبات کا تعلق سندھ حکومت سے ہے.
انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیرسے بات کروں گا، کرایوں میں اضافہ 2011 سے نہیں ہوا، یہ ہمیںپیش نظر رکھا ہوگا.
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کراچی کیلئے 47.5ارب روپے کا پیکج دیں گے، عمران اسماعیل
عمران اسماعیل کا کا کہنا تھا کہ سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے لئے وفاق سے بات کروں گا، پولیس سے بھی ٹرانسپورٹرز کو شکایات ہیں، جن کا سدباب ضروری ہے.
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کچھ نام بھی دیے گئے ہیں، اس ضمن میں آئی جی سندھ سے بات کروں گا.
انھوں نے واضح کیا کہ کراچی میں کسی صورت ہڑتال نہیں ہونی چاہیے، اس سے ترقی کا پہیہ جام ہوجاتا ہے.