اسلام آباد: گورنراسٹیٹ بینک رضاباقر کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی رفتار میں اضافہ سب کے سامنے ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سےاستفادہ کریں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقم بھجوانے پر اب صرف 5 سے 9 ڈالرچارجز ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنراسٹیٹ بینک رضاباقر نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 97ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولے، وزیراعظم کا وژن ہے بیرون ملک پاکستانی ہمارے لئے بہت بڑا اثاثہ ہیں۔
بیرون ملک پاکستانی اپنا اکاؤنٹ اپنے گھر سے بیٹھ کر استعمال کرسکتے ہیں، وزیراعظم کےوژن کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ایسے اقدامات کئےجو پہلے نہ ہوئے، اوورسیز روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سےدیگر سہولتوں سے مستفید ہوسکتےہیں جبکہ اس میں اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری بھی کرسکتے ہیں۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی رفتار میں اضافہ سب کے سامنے ہے، وزارت خزانہ ،خارجہ ،ایف بی آر کو تعاون پر خراج تحسین پیش کرتاہوں ، 5ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کےذریعے500ملین ڈالرکا ہدف حاصل کیا، اوورسیز پاکستانیوں کو دعوت دیتاہوں کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سےاستفادہ کریں۔
اندازے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد70سے 90لاکھ ہے ، 5ماہ میں 88ہزار اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے، بینکوں کیساتھ ملکر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہت اچھےاقدامات کئے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقم بھجوانے پراب صرف5سے9ڈالرچارجزہوں گے۔
پاکستان ہاؤسنگ اسکیم،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس وزیراعظم کے وژن کی مثال ہیں ، وزیراعظم،قوم،اوورسیزپاکستانیوں کی امیدوں پرمحنت سے پورا اتریں گے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔