ممبئی (10 فروری 2026): معروف بالی وڈ اداکار گووندا نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گووندا نام میرا‘ بنانے پر فلمساز کرن جوہر کو وارننگ دے دی۔
2022 میں کرن جوہر نے ’گووندا نام میرا‘ کے عنوان سے ایک فلم پروڈیوس کی تھی جس میں وکی کوشل، کیارا اڈوانی اور بھومی پیڈنیکر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
گووندا نے آج پہلی بار اس پر ردعمل دیا ہے۔ نامور اداکار نے الزام لگایا کہ فلمساز نے ان کا نام استعمال کیا اور فلم کی کہانی، جس میں ایک شوہر، بیوی اور اس کی گرل فرینڈ دکھائی گئی، کے ذریعے ان کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے جنم میں گووندا کو شوہر کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتی: سنیتا آہوجا
حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کرن جوہر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے میرے نام پر فلم بنائی ’گووندا نام میرا‘، میرا خیال ہے کہ یہ کرن جوہر نے بنائی تھی۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اس طرح کی فلمیں بنا کر کبھی کبھی ذاتیات پر اتر آتے ہیں، اگر کسی جگہ میرا آپ سے سامنا ہوگیا تو میں آپ کو ویسا ہی جواب دوں گا جیسا رجنی کانت اپنی فلموں میں دیتے ہیں اور میں یہ سب کے سامنے کروں گا۔
’میں وعدہ کرتا ہوں ایسا کروں گا۔ براہِ کرم بدتمیزی نہ کریں۔ میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں، میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ اسے ہلکا لوں۔‘
نامعلوم افراد کی جانب سے گھر کا گھیراؤ
گووندا نے انٹرویو میں گولی لگنے کے واقعے کے بارے میں بھی کھل کر بات کی اور دعویٰ کیا کہ وہاں 22 سے 23 لوگ موجود تھے، خوش قسمتی سے میں نے انہیں آتے دیکھ لیا، پہلے مجھے لگا وہ کسی پارٹی کیلیے آئے ہیں لیکن وہ پارٹی والے لوگ نہیں لگ رہے تھے، اس لیے میں نے ان کی ویڈیو بنا لی۔
’جب ممبئی پولیس نے میرا فون نہیں اٹھایا تو میں نے کسی دوسرے ملک کی پولیس کو فون کیا اور انہیں لائن پر رہنے کو کہا۔ ان میں سے ایک شخص ان کی چھت پر چڑھ گیا تھا، تب انہیں احساس ہوا کہ حالات نارمل نہیں ہیں۔ انہوں نے مجھے گھیرنا شروع کر دیا تھا۔ اس دوران میں نے فون کر کے سب کو مطلع کر دیا۔ میرے پاس لائسنس یافتہ بندوق ہے اس لیے میں نے وہ نکال لی۔‘
گووندا نے جب ان سے پوچھا کہ وہ کون ہیں تو ان میں سے ایک نے جواب دیا ’ہم یہاں بجلی کا نظام ٹھیک کرنے آئے ہیں‘۔ اداکار نے انہیں دیر ہونے کی وجہ سے جانے کو کہا لیکن وہ خاموش کھڑے رہے۔
گووندا نے بتایا کہ چنانچہ میں نے بندوق تانی اور انہیں جانے کو کہا، انہیں اس کی توقع نہیں تھی، واقعے کے بعد میں نے ان لوگوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


