ممبئی (5 نومبر 2025): معروف بالی وڈ اداکار گووندا کی بیوی سنیتا آہوجا نے خاندانی پجاری سے متعلق متنازع بیان دے کر شوہر کو بڑی مشکل میں ڈال دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں نظر آئیں جہاں انہوں نے الزام لگایا کہ گووندا کے خاندانی پجاری پنڈت مکیس شکلا بار بار بے معنیٰ پوجا تجویز کرتے ہیں اور پیسے مانگتے ہیں۔
سنیتا آہوجا کا جب یہ متنازع بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی زینت بنا تو اس پر شدید تنقید ہوئی اور بالآخر گووندا کو پنڈت مکیس شکلا سے سرِ عام معافی مانگنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور گووندا کے مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری!
گووندا نے انسٹاگرام اسٹوریز پر پنڈت مکیس شکلا سے معافی مانگتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے خاندانی پجاری پنڈت مکیس شکلا ایک بہت مشہور اور قابل پجاری ہیں۔
اداکار نے کہا کہ ان کے والد پنڈت جٹادھاری بھی ہمارے خاندان حصہ رہے ہیں، میری بیوی سنیتا آہوجا نے آپ کے خلاف تنقیدی تبصرے کیے مجھے اس پر شرم آتی ہے اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔
’میرے خیال میں آپ زمین پر سب سے سادہ لوگوں میں سے ایک ہیں۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ آپ نے میرے مشکل وقتوں میں میرا ساتھ دیا تھا۔ کئی سیاستدانوں سے آپ کے تعلقات کی وجہ سے آپ نے اکثر میری زندگی آسان بنانے میں مدد کی۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی برکات ہم پر قائم رکھیں۔‘
واضح رہے کہ سنیتا آہوجا نے پوڈکاسٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے گھر میں بھی ایک ایسا ہی ہے اور وہ گووندا کا پجاری ہے جو جعلی ہے۔
اداکار کی بیوی نے کہا تھا کہ وہ نئی رسومات اور پوجائیں تجویز کرتے رہتے ہیں اور پیسے مانگتے ہیں، میں انہیں کئی بار کہتی ہوں کہ اپنی پوجا خود کریں کیونکہ اسے گووندا کی مدد نہیں ہوگی۔


