کراچی: وفاق کے بعد سندھ حکومت نے بھی عید قرباں کی تعطیلات کا اعلان کردیا، صوبے بھر میں 4 روز تک سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے عید قرباں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس کے تحت 21 اگست سے 24 اگست تک صوبے بھر چار روز کی تعطیل ہوگی۔
سندھ حکومت کے ماتحت سرکاری و نیم سرکاری ادارے عید قرباں سے ایک روز قبل بند رہیں گے اور ہفتہ وار تعطیلات کے بعد پیر 26 اگست سے تمام دفاتر کھلیں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے عید قرباں کی مناسبت سے 21 تا 23 اگست تک سرکاری تعطیلات کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔
وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کی اور چار کے بجائے تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے تحت ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، وفاقی حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی جبکہ سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے کے روز سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔