دبئی: متحدہ عرب امارات میں نجی کمپنیوں نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر چھٹی کا اعلان کردیا جبکہ سرکاری سطح پر بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نجی کمپنیوں نے نئے اسلامی (ہجری) سال کے آغاز یکم محرم الحرام کے موقع پر 23 اگست بروز اتوار تعطیل کا اعلان کردیا۔
وزارت انسانی وسائل اورامارتائزیشن کی جانب سے جمعرات کے روز جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یکم محرم الحرام کو تمام نجی کمپنیوں میں تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب حکومت کے محکمہ برائے انسانی وسائل نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں نے سرکاری سطح پر اتوار کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا اور بتایا کہ 24 اگست بروز پیر سے دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے۔
مزید پڑھیں: سال 2020 : متحدہ عرب امارات میں 14 سرکاری چھٹیوں کی منظوری
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نجی اور سرکاری اداروں کی تعطیلات کا کلینڈر پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی سال کا آغاز چاند نظر آنے پر ہوتا ہے، ہر اسلامی مہینے کے ایام 29 یا 30 ہوتے ہیں، اگر 29 دن ہوں اور چاند نظر آجائے تو نئے مہینے کا آغاز ہوجاتا ہے جبکہ تیس کے بعد خود بہ خود ہی نئے مہینے کا آغاز ہوجاتا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں اسلامی سال 1442 ہجری کا آغاز چاند نظر آنے کے بعد شروع ہوجائے گا، محرم الحرام کے اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے جس کی آمد پر دنیا کے مختلف ممالک میں جشن بھی منایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی تہواروں کی مناسبت سے مختلف اسلامی ممالک میں تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے۔
ہجری کلینڈر کیا ہے؟
یاد رہے کہ اسلامی سال کا آغاز محرم سے کیا جاتا ہے ، ہجری کلینڈر کا آغاز پیغمبر اسلام ﷺ کی مدینہ ہجرت سے شروع ہوا۔ پہلی محرم کی ایک اور اہمیت یہ ہے کہ یہ عالم اسلام کے دوسرے خلیفہ راشد حضرت عمر بن خطابؓ کا یومِ شہادت بھی ہے۔