قائرہ: مصر کی حکومت نے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا جس پر عمل درآمد سنہ 2020 سے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مصری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ’آئندہ برس سے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا‘۔
مصر کے قومی بینک کے گورنر طارق کا کہنا تھا کہ پولیمر مادے سے تیار کردہ پلاسٹک کے کرنسی نوٹ 2020 سے ملک بھر میں استعمال کیے جائیں گے، حکومتی اعلان کے بعد ہی لین دین کا عمل شروع ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کے مصری پاؤنڈ کی تیاری میں کاغذ کے نوٹ کی نسبت اخراجات کم ہوں گے اور مارکیٹ میں آنے کے بعد کوئی جعل سازی بھی نہیں کرسکے گا۔
مرکزی بینک کے گورنر کا کہنا تھا کہ ’پلاسٹک کے کرنسی نوٹ ماحول دوست، مضبوط، پائیدار، واٹر پروف اور لمبے عرصے تک استعمال کیے جاسکتے ہیں، کاغذ کی نسبت یہ کم آلودگی پھیلاتے ہیں اور کافی عرصے تک خراب بھی نہیں ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین، برطانیہ، آسٹریلیا، سنگاپور، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک نے کرنسی نوٹ کی تیاری شروع کردی، اس کے ذریعے اخراجات کو قابو کیا جاسکتا ہے جس کے براہ راست معیشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔
گورنر مرکزی بینک طارق کا کہناتھا کہ ’ابتداء میں 10 پاؤنڈ مالیت کے نوٹ چھاپے جائیں گے، بعد ازاں دیگر تمام مالیت کے کرنسی نوٹوں کو پلاسٹک کے نوٹوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔