اسلام آباد : وفاقی حکومت نے آرٹیکل 63 کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس آج ہی فائل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں قانونی ماہرین، اسد قیصر، ڈاکٹر بابر اعوان، اسد عمر اور فوادچوہدری نے شرکت کی۔
اجلاس میں آرٹیکل 63 کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس آج ہی فائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، قانونی ٹیم نے وزیراعظم کو صدارتی ریفرنس کے خدوخال پر بریفنگ دی۔
وزارت پارلیمانی امور سمری وزیراعظم کو بھیجے گی ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔
ریفرنس فائنل کرنے کیلئے اٹارنی جنرل اور بابر اعوان کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بتایا کہ صدر آئین کے آرٹیکل63 اے کے تحت ریفرنس بھیج رہےہیں اور میری وزارت ریفرنس فائل کرنےکےحوالے سے سمری بھیج رہی ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ریفرنس میں 2سوالات اٹھائے جائیں گے، اس حوالے سے سپریم کورٹ کافیصلہ موجود ہے، موجودہ چیف جسٹس 5 رکنی بینچ کے سربراہ تھے۔
مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ اس فیصلے میں اصول طے کیے گئے ہیں، جہاں نااہلی کے عرصے کا تعین نہیں وہاں نااہلی تاحیات تصور ہوگی۔
انھوں نے مںحرف ارکارن کو پیغام میں کہا کہ ہمارے ارکان کے پاس موقع ہےوہ واپس آجائیں، اگروہ واپس آجائیں توٹھیک ورنہ نااہلی تاحیات ہوگی، غیرمنتخب ارکان کا جس وقت چاہیں نام واپس لیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اور حکومت 5سال پورے کرے گی تاہم قومی اسمبلی اجلاس کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔