اسلام آباد : ربیع الاول میں شایان شان کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس میں ملک بھر کے علما، اسکالرز ، مذہبی شخصیات اور غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے رواں سال ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ” بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس” منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سال منعقد ہونے والی 51 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں ملک بھر کے جید علماء، ممتاز اسکالرز، مذہبی شخصیات اور متعدد غیر ملکی مندوبین بھی شرکت کریں گے۔
سردار یوسف نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور کو کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، یہ کانفرنس ہماری نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرانے کا ایک بہترین اور مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔
اجلاس میں آئندہ حج انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں وفاقی وزیر نے اہم پیش رفت سے آگاہ کیا اور حج 2027ء کے امور کو ڈیجیٹلائز کرنے کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس اقدام سے عازمینِ حج کو رجسٹریشن اور دیگر مراحل میں بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔
وفاقی وزیر نے لاہور حاجی کیمپ میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہیں تاکہ عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


