اسلام آباد : حکومت نے 25 کروڑ ڈالر کے مزید یورو بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جس کے بعد مجموعی حجم 1 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے مزید یورو بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ ان بانڈز کے اجرا کے بعد مجموعی مالیت 1 ارب ڈالر یا اس سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانسنگ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، مزید یورو بانڈز رواں مالی سال کے آخری دو ماہ کے دوران ہی فلوٹ کیے جائیں گے، یہ بانڈز ‘میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام’ کے تحت تین سال کی مدت کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال کے باعث نئے بانڈز پر شرحِ منافع 7 فیصد سے کم رہنے کی توقع ہے۔
حکومت اب تک عالمی مارکیٹ میں 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز فلوٹ کر چکی ہے، اور مزید 25 کروڑ ڈالر کے اضافے سے یہ ہدف مکمل ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یورو بانڈز کا کامیاب اجرا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بحال ہوتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے، اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹس میں موجودگی مضبوط ہوگی بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بھی سہارا ملے گا۔
حکام نے مزید کہا کہ فنانسنگ کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں مزید بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


