کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ریاست مردم شماری کے عمل کو صاف شفاف بنائے اور جو شہری جہاں بھی ہو اسے بھی شمار کیا جائے اور حکومت اسے دینی فریضہ سمجھ کر ادا کرے۔
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن اف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مردم شماری درست طریقے سے نہیں کی گئی تو پاکستان خلفشار کاشکار ہوگا، خانہ شماری ہماری بقاء کا مسئلہ ہے کیونکہ اس سے ملک کی بنیاد بننے جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ معیشت چلے گی تو عوام کو روز گار ملے گا ترقی کا پہیا گھومے گا تو ہی حکومت کامیاب ہوگی، تاجر میرے شہر کے روزگار کا ضامن ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ انڈسٹری کو تالا لگا کر میرے لوگوں کو بے روزگار نہیں کریں گے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس تمام مراعات تھی آشیانہ بنانے کے لیے سر پر کفن باندھ کر یہ راستہ اختیار کیا ہم پہلے غلط راستے پر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں دوسروں کو لڑوا کر اپنے پاس بلانے کی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں کیونکہ اقتدار ہماری منزل نہیں۔
پی ایس پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں بلکہ ہماری پہلی ترجیحی سب کو ایک قوم بنانا ہے تفریق کا خاتمہ کرکے قومی پرچم کے نیچے جمع کرنا ہے۔
قبل ازیں تاجر رہنما کپٹن معیز نے رؤف صدیقی اور عادل صدیقی کی جانب سے تاجروں سے مانگے گئے کروڑوں روپے کے بھتے اور انہیں دی جانیوالی دھمکیوں کے حوالے سے اگاہ کیا۔