اسلام آباد : یومِ عاشورہ کی چھٹیوں کے باعث ملازمین کو 4 روزہ طویل ویک اینڈ ملنے کی توقع ہے تاہم وفاقی حکومت کی جانب سےچھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونا ابھی باقی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے اسلامی سال 1448 ہجری کا آغاز، عاشورہ پر سرکاری ملازمین کے لیے 4 روزہ طویل چھٹیوں کا امکان، خیبر پختونخوا میں یکم محرم کی تعطیل کا اعلان
پاکستان میں 15 جون کو محرم الحرام کا چاند نظر نہ آنے کے بعد نئے اسلامی سال 1448 ہجری کا آغاز کل، بروز بدھ 17 جون 2026 سے ہوگا، چاند نظر نہ آنے کے باعث ہجری کیلنڈر کی تاریخوں میں تبدیلی کے بعد اب نویں محرم الحرام جمعرات 25 جون اور دسویں محرم الحرام (یومِ عاشورہ) جمعہ 26 جون 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے روایتی طور پر ملک بھر میں مجالس، ماتمی جلوسوں کے انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔
اس سال جمعرات اور جمعہ (25 اور 26 جون) کو عاشورہ کی سرکاری چھٹیوں کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات آ رہی ہیں، جس کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 روزہ طویل تعطیلات ملیں گی۔
تاہم وفاقی حکومت کی جانب سےچھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونا ابھی باقی ہے، جس میں ملک بھر کے لیے انتظامی اور سیکیورٹی گائیڈ لائنز بھی شامل ہوں گی۔
دوسری جانب، خیبر پختونخوا حکومت نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے یکم محرم الحرام (کل، 17 جون) کو بھی صوبے بھر میں عام تعطیل کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صوبائی انتظامیہ کی جانب سے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور انتظامی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔


