جمعرات, ستمبر 10, 2026
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے، اس لیے اس پر نظرثانی کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔

بعد ازاں بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561-A کے تحت اسپتال منتقلی کی درخواست دی، جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 12 مارچ 2026 کو مسترد کردیا تھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، جس پر سپریم کورٹ نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض حالات میں قیدی کی اسپتال منتقلی کے لیے حکومت کی منظوری اور آئی جی جیل کے ذریعے کارروائی ضروری ہوتی ہے، جبکہ پریزن رولز میں قیدی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا باقاعدہ طریقہ کار بھی موجود ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپتال منتقل کیے جانے والے قیدی کی پولیس نگرانی بھی ضروری ہے۔ آرٹیکل 10-A ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کا حق دیتا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے مقرر ہوا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کا طبی معائنہ پہلے بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور میڈیکل بورڈ متعدد مرتبہ ان کا علاج اور معائنہ کرچکا ہے۔ عدالت کو طبی ماہرین کی رائے کی روشنی میں یہ فیصلہ کرنا چاہیے تھا کہ آیا بانی پی ٹی آئی کی صحت واقعی خراب ہوئی ہے یا نہیں۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ تمام شہریوں کو مساوی سلوک کا آئینی حق حاصل ہے، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں