اسلام آباد : حکومت نے پیٹرول پر لیوی20.97 روپے لیٹر بڑھا دی ، پیٹرول پر عوام سےٹیکسز مارجنز کی مد میں 130.23 روپے لٹر وصول کئے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں اور لیوی کی شرح میں بھی نمایاں تبدیلی کر دی ہے، جس کے تحت اب عوام سے پٹرول پر فی لٹر 100 روپے سے زائد صرف لیوی وصول کی جائے گی۔
حکومتی اعداد و شمار کے تحت پٹرول پر پٹرولیم لیوی 20 روپے 97 پیسے بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد لیوی 84 روپے 40 پیسے سے بڑھ کر 105 روپے 37 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔
مجموعی طور پر پٹرول خریدنے والے صارفین سے مختلف ٹیکسز اور مارجنز کی مد میں 130 روپے 23 پیسے فی لٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔
ڈیزل پر مجموعی طور پر 78 روپے 8 پیسے فی لٹر ٹیکس اور مارجن وصول کیا جا رہا ہے، جس میں 55 روپے 24 پیسے لیوی شامل ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے۔
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 2.50 روپے فی لٹر کاربن سپورٹ لیوی بھی عائد کر رکھی ہے۔
پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن: 8.64 روپے اور ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7.87 روپے ہے جبکہ پٹرول پر فریٹ مارجن 5.85 روپےجبکہ ڈیزل پر 3.83 روپے فی لٹر ہے۔
ٹیکسوں کے اس بھاری بوجھ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت اور فروخت کی قیمت میں بڑا فرق واضح ہو گیا ہے۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


