کراچی: ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے بچانے اور اُس کی مکمل نگرانی کےلیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق زمینوں کو قبضہ مافیاسے محفوظ بنانےکیلئےملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اراضی کی نگرانی کیلئےگوگل سیٹلائٹ مانیٹرنگ کی مددلینےکافیصلہ کیا ہے۔
سیکریٹری ایم ڈی اے نے وفاقی حکومت کے محکمہ سپارکو سے رابطہ کر کے اراضی کی نگرانی کیلئے مدد مانگ لی ہے۔
ایم ڈی اے کی جانب سے ارسال کیے جانے والے خط میں استدعا کی گئی ہے کہ سپارکو زمینوں کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سسٹم بنانے میں مدد فراہم کرے، ایم ڈی اےکی زمینوں کی نگرانی کیلئے تکنیکی سہولت فراہم کی جائے۔
ایم ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق سسٹم بنانےکا مقصدایم ڈی اےکی حدود میں موجود سرکاری اراضی کو محفوظ بنانا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے بالخصوص مضافاتی علاقوں میں قبضہ مافیا کے بااثر افراد سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے وہاں رہائشی سوسائٹیز تعمیر کرلیتے ہیں، جن کے خلاف آپریشن کیا جائے تو ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔