اسلام آباد : دو بڑی بجلی کمپینوں کی نجکاری کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا اور نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے دو بجلی کمپینوں حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
نجکاری کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ حیدرآباد الیکٹرک اور سکھر الیکٹرک کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ نجکاری کمیشن نے آسٹریا کی معروف کمپنی رافیسین انوسٹمنٹ کو حیسکو اور سیپکو کا مالیاتی مشیر تعینات کیا ہے، جبکہ مالیاتی مشیر کے تقرر کے لیے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط بھی کر دیے گئے ہیں۔
حکومتی اعلامیے میں کہنا تھا کہ مالیاتی مشیر اس معاہدے کے تحت انویسٹمنٹ سیلز سائیڈ فنانشل ایڈوائزر کے طور پر خدمات سرانجام دے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مالیاتی مشیر حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کے لیےفریم ورک ، قابل اطلاق قوانین کے مطابق سیل سائیڈ ڈیو ڈیلیجنس، سرمایہ کاروں کو مارکیٹ سے آگاہ کرنے اور لین دین کے اسٹرکچر کی تیاری میں معاونت کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق مشیر نجکاری کے لیے شفاف اور مسابقتی بولی کے عمل، مارکیٹنگ اور نجکاری فریم ورک کے مطابق تمام مراحل کی تکمیل کو یقینی بنائے گا۔


