The news is by your side.

Advertisement

حکومت کا وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات دینے سے انکار

اسلام آباد : حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات دینے سے انکارکرتے ہوئے  انفارمیشن کمیشن کا حکم عدالت میں چیلنج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے شہری کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ، حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے تحائف ملنے سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کردیا ہے۔

سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عتیق الرحمان صدیقی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے درخواست پر پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری ابرارخالد کو نوٹس کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

وفاقی حکومت نے عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف کو کلاسیفائیڈ قرار دے دیا،کابینہ ڈویژن نے کہا سربراہان مملکت کے درمیان تحائف کا تبادلہ بین الریاستی تعلقات کاعکاس ہوتا ہے، ایسے تحائف کی تفصیل اجراء سے میڈیا ہائپ اور غیر ضروری خبریں پھیلیں گی۔

کابینہ ڈویژن نے مزید کہا کہ بے بنیاد خبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر، ملکی وقار مجروح ہو گا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں