ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

عوام کو تیل کی عالمی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کیلئے وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اوگرا کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی کیلئے27 ارب روپے جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے بڑا اقدام اٹھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ خزانہ نے اوگرا کو آسٹریٹی فنڈ سے پہلی قسط جاری کر دی ہے۔

وزارتِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے قیمتوں کے فرق کی ادائیگی کے لیے اوگرا کو 27 ارب روپے جاری کیے ہیں، اس رقم کا مقصد عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے کے باوجود مقامی سطح پر قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے تاکہ عام آدمی پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اس بھاری رقم کا انتظام وفاقی حکومت کے اپنے اخراجات میں کمی اور سخت کفایت شعاری کے اقدامات سے کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ کی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکومت مزید ایسے اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے جس سے سرکاری اخراجات کم کر کے براہِ راست عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں۔

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ 27 ارب روپے کی یہ پہلی قسط اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اضافے کو روکا جا سکے اور معاشی استحکام برقرار رہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں