لاہور (7 جولائی 2026): غریب کسانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب وہ صرف 100 روپے سالانہ لیز پر 4 ایکڑ زرعی زمین حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں میں زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی۔
اس موقع پر انہوں نے غریب کسانوں کو خوشخبری سنائی کہ انہیں چار ایکڑ زرعی زمین 20 سال کے لیے صرف 100 روپے سالانہ لیز پر دی جا رہی ہے۔
قرعہ اندازی کے ذریعہ پنجاب بھر میں 30 ہزار بے زمین خاندانوں میں ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ اراضی تقسیم کی گئی جب کہ انہیں کاشت کے لیے صوبائی حکومت 2 لاکھ روپے امداد بھی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور معاشی ترقی کا کلیدی محرک ہے۔ صوبائی حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
Govt Schemes- Latest News and Updates
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد بے زمین اور انتہائی مستحق خاندانوں کو معاشی خودمختاری دینا، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی عزتِ نفس بحال کرنا ہے۔ مستحق خاندانوں کو میرٹ پر اراضی دی گئی ہے، اس سلسلے میں کوئی سفارش یا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ "اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم سے 30,000 مستفیدین مستفید ہوں گے۔ ایک ہفتے میں الاٹمنٹ لیٹر اور 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ دے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب میں جہاں بھی قابلِ کاشت سرکاری زمین دستیاب ہوگی، اسے مرحلہ وار مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔


