اسلام آباد : نئے مالی سال کے بجٹ میں امریکی ڈالر 290 روپے پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے ، ڈالر ریٹ تعین کرنےکامقصد بیرونی امداد،ادائیگیوں اور قرضوں کا تخمینہ روپوں میں لگانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے دوران ڈالر کا تخمینہ 290 روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ڈالر ریٹ کو رواں مالی سال کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں بھی ڈالر کا تخمینہ 290 روپے رکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وزارت خزانہ نے نظرثانی کرتے ہوئے رواں مالی سال کے لیے حقیقی شرح مبادلہ 280 روپے فی ڈالر مقرر کی۔
ذرائع نے مزید کہا بجٹ میں ڈالر ریٹ کے تعین کا مقصد بیرونی قرضوں، امداد، سرمایہ کاری، درآمدات اور ادائیگیوں کا تخمینہ پاکستانی روپے میں لگانا ہوتا ہے تاہم آئندہ مالی سال میں بھی شرح مبادلہ کے حوالے سے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ترسیلات زر میں اضافے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے باعث رواں مالی سال کے دوران روپے کی قدر میں استحکام رہا، جس کے مثبت اثرات آئندہ مالی سال میں بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈالر ریٹ مستحکم رہنے سے درآمدی بل اور مہنگائی کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ مقامی کرنسی کے استحکام سے سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ہر سال بجٹ میں بیرونی تجارت، قرضوں، امداد اور سرمایہ کاری کے تخمینوں کے لیے مختلف کرنسیوں کی شرح مبادلہ کا تعین کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر مالی اہداف اور اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے۔


