اشتہار

گندم کی امدادی قیمت کیا ہوگی؟ حکومت نے صوبوں سے تجاویز مانگ لیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حکومت نے گندم کی امدادی قیمت کے حوالے سے صوبوں سے تجاویز مانگ لیں ، تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد گندم کی امدادی قیمت اور ممکنہ سبسڈی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت مقرر کرنے کے لیے صوبوں سے تجاویز طلب کرلی ہیں، جبکہ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت میں اضافے یا حکومت کی جانب سے سبسڈی دینے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار 200 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ سندھ حکومت نے امدادی قیمت 5 ہزار روپے فی من بتائی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبہ گندم خود پنجاب سے خریدتا ہے، جبکہ درآمد کی جانے والی گندم دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد تقریباً 5 ہزار روپے فی من پڑ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق درآمد شدہ گندم 348 ڈالر فی ٹن کے حساب سے خریدی گئی، جس میں دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی لاگت تقریباً 5 ہزار روپے فی من بنتی ہے۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

کسانوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیرون ملک سے گندم تقریباً 5 ہزار روپے فی من میں درآمد کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی گندم کسانوں سے تقریباً 3 ہزار 500 روپے فی من کے حساب سے خریدی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی گندم میں گلوٹن کی مقدار تقریباً 25 فیصد جبکہ درآمد کی جانے والی گندم میں یہ شرح 23 فیصد کے حساب سے لی گئی ہے۔

تین صوبوں نے مجموعی طور پر 7 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کی طلب کی تھی، تاہم اب تک صرف 2 لاکھ 15 ہزار ٹن گندم درآمد ہوسکی ہے۔ درآمد شدہ گندم میں سے 1 لاکھ ٹن خیبرپختونخوا جبکہ 1 لاکھ 15 ہزار ٹن سندھ کو فراہم کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا نے 2 لاکھ ٹن، سندھ نے 3 لاکھ ٹن جبکہ پنجاب نے ڈھائی لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی ڈیمانڈ کی تھی۔

مزید 2 لاکھ ٹن گندم کے لیے دوبارہ ٹینڈر جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید مہنگے داموں گندم درآمد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد گندم کی امدادی قیمت اور ممکنہ سبسڈی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اہم ترین

نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ اے آر وائی نیوز کے تحقیقاتی صحافت کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں

مزید خبریں