لاہور : وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 یونٹس تک کے صارفین کو ملنے والی سبسڈی ختم کر دی جائے گی اور یکم جنوری 2027 کے بعد بجلی پرصرف ٹارگٹڈ سبسڈی ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ کے ذرائع کی جانب سے بجلی کی قیمتوں اور سبسڈیز کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور بڑا انکشاف سامنے آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرط کے بعد اب بجلی پر عام سبسڈی کا خاتمہ کر کے صرف غریب اور انتہائی مستحق طبقے کو ریلیف دینے کا حتمی فیصلہ کیا جا رہا ہے، جس کی واضح پالیسی یکم جولائی کے بعد سامنے آ جائے گی۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا تھا کہ اب تک 200 یونٹس تک کے صارفین کو ملنے والی عام سبسڈی کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا اور یکم جنوری 2027 کے بعد ملک میں صرف اور صرف ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام لاگو ہوگا، جس کے تحت بجلی، گیس اور آٹے پر سبسڈی صرف ان لوگوں کا حق ہوگی جن کی ماہانہ آمدن محض 20 یا 30 ہزار روپے ہے۔
ذرائع نے کہا کہ اس نئے معلوماتی نظام کو شفاف بنانے کے لیے صارفین کا نادرا سے ڈیٹا لنک کیا جائے گا، صارفین کے لیے ایک ‘کیو آر کوڈ’ کا اندراج لازمی ہوگا، جس کی مدد سے ان کی مالی حیثیت کی جانچ پڑتال ہوگی۔
اس سخت اسکریننگ کے بعد 200 یونٹس کے زمرے میں صرف وہی لوگ شامل ہو سکیں گے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ یا اس کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔


