اسلام آباد کے اسکول اورکالج شہدائے آرمی پبلک اسکول سے منسوب کردئیے گئے -
The news is by your side.

Advertisement

اسلام آباد کے اسکول اورکالج شہدائے آرمی پبلک اسکول سے منسوب کردئیے گئے

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے 122 اسکولوں اور کالجوں کے نام سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والوں طلبہ کے نام پررکھنے کی سمری پردستخط کردئیے۔

اس موقع پروزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں نے ملک میں روشن خیالی کی بنیاد رکھی اوراسی بنا پرانہیں خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن شدت پسندی اور نفرت کا مظاہرہ کررہا ہے تاہم ہم ان کے خلاف جنگ انہیں تعلیم فراہم کرکے اور روشن خیال بنا کرجیتیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کی بقا شہدا کی یاد منانے اور ان عناصر کے خاتمے سے جڑی ہے جو کہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے تعلیم کے زیور سے محروم رہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدم برداشت کی پالیسی پرعمل پیراعناصرنہیں چاہتے کہ ہمارے بچے تعلیم حاصل کریں دشمن صرف نفرت اورانتہا پسندی چاہتے ہیں لیکن دشموں کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

گزشتہ سال 16 دسمبر 2014 کو تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پر بربریت سے بھرپور حملہ کیا تھا جس میں 132 طلبہ سمیت عملے کے نو افراد بھی شہید ہوئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کاروائی میں کل سات حملہ آور بھی مارے گئے تھے جبکہ اس کاروائی میں بلواسطہ طور پرشریک کچھ دیگرافراد کو بعد میں گرفتارکرکے سزائے موت دی گئی تھی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں